لاہور (جیوڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لالا اور ہزاروں شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے بوم بوم آفریدی آج 36 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
بوم بوم کے نام سے مشہور شاہد آفریدی کی جارحانہ بلے بازی شائقین کھیل کے دلوں کو گرمانے کے ساتھ ساتھ انکی نبض بھی تیز کر دیتی ہے۔ آفریدی کی باؤلنگ پر مخالف بلے بازوں کی وکٹیں اڑنے کا منظر ہمیشہ مداحوں کی بے پناہ خوشی اور مسرت کا باعث بنا۔ یکم مارچ انیس سو اسی کو خیبر ایجنسی میں پیدا ہونے والے محمد شاہد خان آفریدی نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 2 اکتوبر 1996 کو نیروبی میں کینیا کے خلاف ون ڈے میچ سے کیا۔
اپنے دوسرے ہی میچ میں سری لنکا کے خلاف صرف 37 گیندوں پر 100 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر تاریخ میں اپنا نام سنہرے الفاظ میں درج کروا لیا ۔ شاہد آفریدی 398 ایک روزہ میچوں میں چھ سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8064 سکور کرنے کے ساتھ 395 وکٹیں لے چکے ہیں ۔ بوم بوم آفریدی نے 27 ٹیسٹ کے ساتھ 92 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں ، شاہد خان آفریدی کو 2009 میں قومی ٹیم کا مختصر فارمیٹ میں کپتان بنایا گیا تھا۔
لالہ کا ماضی تو نہایت تابناک تھا مگر حال تشویشناک ہے ،2015 سے نہ تو آفریدی کا بلا رنز اگل رہا ہے اور نہ ہی ان کی بولنگ جادو دکھا رہی ہے ۔ مایوس کن پرفارمنس سے شائقین کا دل تو دکھا ہیں لیکن دل ٹوٹا نہیں ، بوم بوم کے چاہنے والوں کو امید ہے کہ ریٹائرمنٹ سے پہلے لالا بوم بوم کارکردگی دکھائیں گے۔