لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اپنی سابق فرنچائز پشاور زلمی سے نالاں نظر آتے ہیں جس کی ایک جھلک میران شاہ میں ہونے والے امن کپ ٹورنامنٹ کے دوران نظر آئی جب یو کے جرنلسٹ الیون کے ساتھ میچ کے دوران آفریدی نے پشاور زلمی کا لوگو استعمال نہیں کیا بلکہ اس کی جگہ انہوں نے پاک فوج کا لوگو استعمال کیا۔
پاک آرمی، پی سی بی اور پشاور زلمی کے اشتراک سے ہونے والے ٹورنامنٹ میں شاہد آفریدی کے رویے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ اپنی سابقہ فرنچائز میں جانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ یاد رہے کہ شاہد آفریدی پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں کراچی ککنگ کی نمائندگی کریں گے۔
شاہد آفریدی اور زلمی فرنچائز کے درمیان تنازع اس وقت بھی خبروں کی زینت بنا تھا جب آفریدی نے پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈیرن سیمی کو سونپ دی تھی۔