شارجہ (جیوڈیسک) شارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران شاہد خان آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس نہ آنے کا اعلان کر کے کرکٹ دیوانوں کو اداس کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قومی ٹیم میں واپسی کا ارادہ نہیں رکھتے،ان کی تمام توجہ فلاحی کاموں پر مرکوز ہے۔
بوم بوم آل راؤنڈر شاہد آفریدی پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں کروانے کے حق میں بھی بولے اور کہا کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں سے پاکستان آ کر کھیلنے سے متعلق خود بھی بات کریں گے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنے فینز کیلئے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور لیگ کرکٹ سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
شاہد آفریدی نے 21 سال تک پاکستانی کی نمائندگی کی۔ 36 سالہ آفریدی نے 48 ٹیسٹ، 398 ون ڈے انٹرنیشنل اور 98 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 97 وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں۔ انہیں ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 351 چھکے لگانے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے اکتوبر 1996ء میں سری لنکا کے خلاف صرف 37 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی جو 18 سال تک ون ڈے انٹرنیشنل کی تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ رہا۔ یہ ریکارڈ پہلے نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن نے 36 گیندوں پر سنچری بنا کر توڑا لیکن ایک سال بعد ہی جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز نے 31 گیندوں پر سنچری بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔