لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی سابق کرکٹر شاہد آفریدی کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم پر تنقید کے بعد انہیں بھارتی کھلاڑیوں اور شہریوں کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شاہد آفریدی نے چند روز قبل پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دورے کے دوران کہا تھا، ”مودی کے دل و دماغ میں بیماری ہے، وہ مذہب کو لے کر سیاست کر رہے ہیں۔ وہ بھارت کے زیر انتظام کشمير کے شہريوں کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں۔ ان کو اس دنیا میں بھی جواب دینا ہوگا اور آخرت میں بھی۔‘‘
شاہد آفریدی نے ایک ٹویٹ میں بھی کہا تھا، ”کشمیریوں کی تکلیف سمجھنے کے لیے آپ کو کسی مذہبی عقیدے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کے دل میں درد ہونا چاہیے۔‘‘
تاہم سرحد پار شاہد آفریدی کے بیان پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ بھارتی شہریوں کی جانب سے ان کے کرکٹرز ہربھجن سنگھ اور یووراج سنگھ پر بھی کڑی تنقید کی گئی۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے کچھ روز قبل بھارتی عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ شاہد آفریدی کی فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا کھل کر ساتھ دیں کیوں کہ انسانیت کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ لیکن بھارتی وزیر اعظم سے متعلق شاہد آفریدی کے تازہ بیان پر دونوں کرکٹرز نے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
یوراج سنگھ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا، ”شاہد آفریدی کی جانب سے ہمارے قابل احترام وزیر اعظم کے بارے میں بیان پر سخت مایوسی ہوئی۔ بطور ایک ذمہ دار شہری میں ایسے الفاظ کبھی قبول نہیں کر سکتا۔ میں نے شاہد آفریدی کی تنظیم کے لیے انسانی بنیادوں پر اپیل کی تھی لیکن میں اب ایسا کبھی دوبارہ نہیں کروں گا۔‘‘
ہربھجن سنگھ نے بھارتی اخبار ‘دی ہندوستان ٹائمز‘ کو دیے ایک بیان میں کہا، ”آفریدی نے ہمیں درخواست کی تھی کہ اس کے فلاحی ادارے کی مدد کے لیے اپیل کریں۔ ہم نے یہ انسانیت کے لیے کیا اور ان لوگوں کے لیے جو کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہمارے وزیر اعظم کا بھی یہی کہنا ہے کہ کورونا کی جنگ سرحد، مذہب اور نسل سے بالاتر ہے۔‘‘
ہربھجن سنگھ نے مزید کہا کہ شاہد آفریدی نے ان کے ملک کے خلاف بات کی ہے اور انہیں ایسا کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، انہیں چاہیے کہ وہ اپنی حدود میں رہیں۔‘‘
بھارتی سابق کھلاڑی گوتم گمبھیر نے بھی شاہد آفریدی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے اپنی طنزيہ ٹویٹ میں لکھا، ”سولہ سالہ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس سات لاکھ فوجی ہیں اور اسے بیس کروڑ عوام کی حمایت ہے لیکن پھر بھی وہ ستر سال سے کشمیر کی بھیک مانگ رہے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ گوتم گمبھیر اور شاہد آفریدی کرکٹ کے میدان میں زبردست حریف جانے جاتے تھے۔ شاہد آفریدی اپنی کتاب، ‘گیم چینجرز‘ میں یہ لکھ چکے ہیں کہ وہ کرکٹ کے میدان میں کئی بار گوتم گمبھیر کے ساتھ جھگڑ چکے ہیں۔
بھارت اور پاکستان دونوں ممالک میں سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کا نام ٹرینڈ کر رہا ہے۔ بھارتی اور پاکستانی کرکٹ فینز اپنے اپنے کھلاڑیوں کی حمایت میں ٹوئیٹس کر رہے ہیں۔