سڈنی (جیوڈیسک) پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ نے دیر سے ہوٹل آنے پر پر شاہد آفریدی سمیت ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں پر جرمانہ کیا ہے۔
کھلاڑیوں کو متنبہ کیا گیا ہے اگر انہوں نے دوبارہ ایسی غلطی کی تو انہیں ورلڈ کپ ایونٹ کی ٹیم سے باہر کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی اور احمد شہزاد سمیت آٹھ کھلاڑیوں پر اتوار کو سڈنی کے ہوٹل میں دیر سے آنے پر 300 آسٹریلین ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ٹیم منیجر نوید چیمہ کی زیر سربراہی ٹیم مینجمنٹ نے دعویٰ کیا کہ کھلاڑی طے شدہ وقت سے 45 منٹ دیر سے آئے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ کھلاڑی اپنے دوستوں کے ساتھ کھانے پر گئے لیکن دیر سے واپس آئے۔
انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے اور دوبارہ غلطی نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ اگر یہ غلطی دوبارہ سرزد ہوئی تو انہیں پہلی دستیاب فلائٹ سے گھر واپس بھیج دیا جائے گا۔