شارجہ (جیوڈیسک) قائم مقام کپتان شاہد آفریدی نے کیویزسے سیریز کے بقیہ میچز میں پاکستانی پلیئرز سے ’’ڈومور‘‘ کا مطالبہ کر دیا۔
ان کے مطابق حریف ٹیم ڈوب کر اُبھرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، شارجہ کی کارکردگی ابوظبی میں دوہرانے کیلیے سخت محنت کرنا پڑے گی، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہاکہ پاکستان نے ہمیں سبق سکھا دیا، ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل مہمان ٹیم کو مختلف کنڈیشز میں بہتر کارکردگی دکھانے کا ہنر سیکھنا ہوگا۔
آفریدی نے کہا کہ کیویز سے سیریز میں فتح کیلیے ایک عمدہ پرفارمنس کافی نہیں، سخت جان کیویز ایک بار پھر کم بیک کیلیے بیتاب اور بہتر پلان کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
پلیئرز کو شارجہ جیسی کارکردگی ابوظبی کے دونوں میچز میں بھی دہرانا ہوگی۔ انھوں نے تیسرے ون ڈے میں بیٹسمینوں کے وکٹ پر قیام کو خوش آئند قرار دیا، کپتان نے کہاکہ دوسرے میچ میں شکست کے بعدکیویز کی طرف سے ایک بار پھر سخت مزاحمت کا خدشہ موجود تھا، تاہم ہماری بیٹنگ لائن نے بروقت اپنی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے دفاع اور جارحیت کے امتزاج سے بہترین ٹوٹل حاصل کیا، اس کے بعد بولرز نے بھی اپنا حق ادا کردیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ پاکستان نے میں ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کردیا۔
شکست سے سبق سیکھتے ہوئے غلطیوں پر قابو پانا ہوگا، انھوں نے کہا کہ ناتجربہ کار کھلاڑی مختلف کنڈیشنز سے مطابقت پیدا کرنے میں مشکلات محسوس کررہے ہیں،حریف نے بہترین کھیل پیش کیا جبکہ ہماری کارکردگی اس کے برعکس رہی، پلیئرز اس سے بہتر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے تھے لیکن پچ کو سمجھنے میںناکام رہے۔
بولرز نے درست لائن اور لینتھ پر بولنگ نہیں کی، ولیمسن نے کہا کہ بڑے ہدف کا تعاقب ہمیشہ مشکل ہوتا ہے لیکن ہمیں فائٹ کرتے ہوئے قریب جانا چاہیے تھا، ابوظبی میں کنڈیشنز اور پچ قدرے مختلف ہوگی، اسے سمجھ کر پرفارم کرنے کیلیے حکمت عملی بنانی اور پھر عملی جامہ بھی پہنانا ہوگا۔