لاہور (جیوڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی لارڈز میں ورلڈالیون کی جانب سے چیریٹی میچ کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز میں 31 مئی کو شیڈول چیریٹی میچ میں شرکت کا عزم ظاہر کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کرکٹر کا کہنا تھا کہ اپنے ڈاکٹر کے مرتب کردہ پروگرام پر 100 فیصد عمل کررہا ہوں اور اللہ نے چاہا تو نیک مقصد کے لیے شیڈول مقابلے میں ضرور حصہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور کرکٹراور مسلمان میچ کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی ان دنوں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہیں اور گذشتہ روز آفریدی کی جانب سے ہی یہ ٹویٹ کی گئی تھی کہ ڈاکٹرز نے انہیں ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا ہے جب کہ ان کے میچ میں شرکت مشکوک دکھائی دے رہی تھی۔