لاہور (جیوڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے زلمی ورلڈ کپ کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔ زلمی ورلڈ کپ 28 جنوری سے متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر شروع ہوگا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ 28 جنوری سے متحد ہ عرب امارات کی سرزمین پر زلمی ورلڈ کپ کھیلا جائیگا۔
آفریدی نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ زلمی ورلڈ کپ میں شرکت کریں اور پاکستان کا اچھا تاثر دنیا بھر میں پھیلانے میں اہم کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ہے اور گزشتہ سیزن میں اس ٹیم کی کپتانی کا فریضہ شاہد آفریدی نے سرانجام دیا تھا جبکہ رواں سال پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈین سابق کپتان ڈیرن سیمی کریں گے۔ پی ایس ایل فروری میں متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی جس کا فائنل میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔