ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکار شاہد کپور کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے جس کے بعد ان کے اکاؤنٹس سے ہیکرز نے نازیبا پوسٹس اور ٹوئٹس بھی کیں۔
شاہد کپور ایک عرصے سے سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں اور وہاں ذاتی زندگی اور فلمی مصروفیات سے مداحوں کو آگاہ رکھتے ہیں۔
مبینہ طور پر ہیکرز کا تعلق ترکی سے تھا اور انہوں نے شاہد کپور کے آفیشل ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو ہیک کیا۔
بالی وڈ اداکار کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے فلم پدماوت سے متعلق رومن ہندی میں ایک پیغام شیئر کیا گیا جس میں لکھا گیا کہ ‘علاؤ الدین خلجی ایسا انسان نہیں تھا جیسا اسے دکھایا گیا ہے۔’
یاد رہے کہ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوت‘ میں دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ نے مرکزی کردار کیے تھے اور فلم میں علاؤ الدین خلجی کا منفی کردار دکھایا گیا تھا۔
ہیکرز نے شاہد کپور کے ہی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کترینہ کیف کی تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ ’ آئی لو یو کترینہ کیف‘۔
بالی وڈ اداکار کے اکاؤنٹس ہیک ہونے کے ایک گھنٹے بعد ہی ریکور کرلیے گئے لیکن اس دوران ہیکرز 20 سے زائد ٹوئٹس کرچکے تھے۔
شاہد کپور نے بھی ٹوئٹ میں اکاؤنٹ ہیک ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا اس لیے گزشتہ 24 گھنٹے میں ان کے اکاؤنٹ سے ہونے والی ٹوئٹس کو صرف نظر کیا جائے۔
یاد رہے کہ شاہد کپور کے ہاں گزشتہ روز ہی بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔