ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت کو کرینہ کپور پر تنقید مہنگی پڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر انہیں دہرا معیار رکھنے کا طعنہ دیا جارہا ہے۔
اداکار شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت کا حال ہی میں ایک اشتہار سامنے آیا ہے اور اس اشتہار کے ذریعے میرا نے شوبز کی دنیا میں باقاعدہ انٹری دی ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر میرا کو اشتہار میں کام کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ میرا راجپوت کرینہ کپور بننے کی کوشش کررہی ہیں۔
میرا راجپوت نے گزشتہ برس ایک بیان دیا تھا جس میں انہوں نے چھوٹے بچوں کو گھر پر چھوڑ کر باہر کام کرنے والی خواتین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’’بچہ کوئی پالتو جانور نہیں ہوتا جس کے ساتھ ہم دن کا ایک گھنٹہ گزار کر کام پر چل پڑیں‘‘۔ میرا کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹی میشا کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اداکاری کرنا نہیں چاہتیں۔
میرا کا یہ بیان سوشل میڈیا صارفین خاص کر کام کرنے والی خواتین سخت ناگوار گزرا تھا جب کہ بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ میرا راجپوت نے دراصل کرینہ کپور کونشانہ بنانے کی کوشش کی ہے جنہوں نے اپنے بیٹے تیمور کی پیدائش کے بعد گھر میں رہنے کے بجائے باہر کام کرنے کو ترجیح دی تھی۔
اور اب یہ بیان دینے کے تقریباً ایک سال بعد میرا نے اشتہار کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے، اس اشتہار کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرنے کے ساتھ میرا نے ایک پیغام بھی لکھا ہے جس کے مطابق ’’ماں بننے کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ آپ خود کی پرواہ کرنا چھوڑدیں‘‘ یہ اشتہار دراصل ایک کریم کا ہے جو خواتین کے چہرے سے بڑھاپے کے اثرات دور کرنے کاکام کرتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے میرا کو اشتہار میں کام کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’’پہلے آپ اپنی بیٹی کا خیال رکھیں اور اپنا دہرا معیارختم کریں۔‘‘
ایک اور صارف نے اس اشتہار پر تنقید کرتے ہوئے کہا میرا صرف 23 سال کی ہیں انہیں عمر رسیدگی کے اثرات ختم کرنے والی کریم کی ضرورت کیوں پیش آگئی۔ ایک اور صارف نے لکھا آپ کی ’’پپی‘‘کہاں ہے؟ میرا مطلب ہے آپ کی بیٹی، اسے گھر میں چھوڑ کر کرینہ کپور بننے کی کوشش کررہی ہو۔‘‘