ممبئی (جیوڈیسک) فلم ‘پدماوت’ کی بھرپور کامیابی کے بعد بالی وڈ اداکار شاہد کپور کے اعتماد میں بھرپور اضافہ ہوا ہے، اور انہوں نے اس کا فائدہ اٹھانا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شاہد کپور کی فلم چھوڑنے کی دھمکی پر پروڈیوسر کو فلم سے ایک سین نکالنا پڑ گیا۔ اپنی نئی فلم بتی گل میٹر چالو کی شوٹنگ میں مصروف شاہد کپور کو فلم میں موجود ایک سین نامناسب لگا تو انہوں نے وہ مناظر فلمانے سے صاف انکار کر دیا۔ اس دوران انہوں نے ڈیمانڈ کی کہ فلم سے اس سین کو نکالتے ہوئے اسکرپٹ میں تبدیلی کی جائے بصورت دیگر وہ مزید شوٹنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
شاہد کپور کی دھمکی کے سامنے پروڈیوسر شری نارائن سنگھ نے گھٹنے ٹیک دیے اور سین نکال دیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پدماوت کی کامیابی کے بعد شاہد کپور بھی مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے نقشے قدم پر چل پڑے ہیں، کیونکہ وہ بھی ناپسندیدہ سین اپنی فلم سے نکلوا دیتے ہیں۔ اسی طرح اداکار شاہد کپور کا بھی کہنا ہے کہ انہیں اپنی فلم میں ہر سین پرفیکٹ چاہیے۔ یاد رہے کہ فلم بتی گل میٹر چالو میں شاہد کپور پہلی مرتبہ خوبرو اداکارہ شردھا کپور کیساتھ جلوہ گر ہوں گے اور ریاست اترکھنڈ کے ایک سادہ وکیل کا کردار نبھائیں گے۔