کراچی (جیوڈیسک) قومی آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی بنگلہ دیشی ٹیم کی مضبوطی کے گن گانے لگے جن کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش بھی اب دنیائے کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے اور اب اسے ماضی کی طرح کمزور حریف سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں رنگپور رائیڈرز کی نمائندگی کرنے والے قومی آل راؤنڈر نے ڈھاکہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا شکیب الحسن، مشرفی مرتضیٰ، مشفق الرحیم، محمود اللہ، مستفیض الرحمن، تمیم اقبال اور دیگر کھلاڑیوں نے بنگالی کرکٹ کو عروج بخشا ہے۔
شاہد آفریدی کے مطابق ان کرکٹرز کی موجودگی میں دنیائے کرکٹ میں اب بنگلہ دیش پہلے کی طرح کمزور حریف نہیں رہا۔ واضح رہے کہ 2015 میں بنگلہ دیش نے عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ بھارت، پاکستان اور جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیموں کو ہوم گراؤنڈز پر شکست سے دوچار کیا۔ بنگلہ دیش ایشیا کپ فائنل میں بھی پہنچنے میں کامیاب ہوا جبکہ انگلینڈ کو تین روز میں ٹیسٹ میچ ہرایا۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں میں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے سخت محنت کر کے خود کو منوالیا ہے۔