ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے ہدایت کار ادتیہ چوپڑا کے ساتھ چوتھی فلم میں کام کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ یہ انتہائی اہم فلم ہو گی۔
بالی ووڈ میں اداکار شاہ رخ خان کو کنگ کا درجہ حاصل ہے جس کی اہم وجہ اُن کی دلوں کو چھو جانے والی رومانوی اداکاری ہے جو اداکاری کو حقیقی رنگ دینے کے لیے کردار میں ڈوب جاتے ہیں اور مداحوں کے دلوں میں اپنا مقام برقرار رکھنے کے لیے فلموں میں نت نئے تجربات کرتے نظر آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فلم ’زیرو‘ کے بعد کنگ خان نے اور بڑا پروجیکٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم کے حوالے سے بتایا ہے کہ یش راج فلم کے مالک اور معروف ہدایت کار ادتیہ چوپڑا نے میرے ساتھ ایک فلم کرنے کا ارادہ کیا ہے جو کہ ایک بہت بڑا پروجیکٹ ہے اور اس پروجیکٹ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس فلم کے کردار کی تیاری کے لیے مجھے ادتیہ کے ساتھ مل کر 2 ماہ تک کام کرنا پڑے گا۔
کنگ خان نے مزید بتایا کیا کہ ادتیہ نے مجھے یہ بھی کہا تھا کہ فلم کی شوٹنگ 3 ماہ میں مکمل کرلی جائے گی لیکن اس سے قبل دو ماہ صرف کردار کی تیاری کے لیے صرف کرنے ہوں گے در حقیقت مجھے اس بات کا علم نہیں کہ ادتیہ چوپڑا کس طرح کی فلم بنا رہے ہیں مجھے صرف اگلے سال کی دی ہوئی تاریخوں میں دیگر مصروفیات سےفارغ رہنے کا کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان معروف ہدایت کار ادتیہ چوپڑا کے ساتھ چوتھی فلم میں کام کرنے جارہے ہیں قبل ازیں وہ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘،’محبتیں‘ اور’رب نے بنادی جوڑی‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔