ڈھاکہ (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے بنگلہ دیش پر زور دیا ہے کہ ‘کوئی’ بھی ٹیم پاکستان بھیجے تاکہ ملکی میدانوں بین الاقوامی کرکٹ کو بحال کیا جاسکے۔ شہریخان پیر کو بنگلہ دیش پہنچے اور قرار دیا کہ اب ان کا ملک پانچ سال پہلے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا” ہم جانتے ہیں کہ سیکیورٹی صورتحال ہماری قومی ٹیم کے آگے بڑھنے کے لیے یا دیگر ٹیموں کے دورے کے لیے ایک رکاوٹ ہے”۔ ان کا کہنا تھا” تاہم میں کہنا چاہا ہوں کہ اب سیکیورٹی صورتحال پہلے سے بہت زیادہ بہتر ہوچکی ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں مارچ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر حملے کے بعد سے کوئی بین الاقوامی کرکٹ میچ نہیں ہوسکا ہے اور گرین شرٹس کے ہوم میچز یو اے ای یا برطانیہ میں کھیلے جارہے ہیں۔
شہریار خان نے کہا کہ بنگلہ دیش کے دورے کے دوران وہ کرکٹ کے میدان میں خوشگوار باہمی تعلقات کا احیا کریں جو 2013 میں بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کا دورہ سیکیورٹی جواز کی بناءپر منسوخ کرنے پر متاثر ہوئے تھے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا”اگر بنگلہ دیش کی قومی ٹیم سیکیورٹی وجوہات کی بناءپر پاکستان نہیں آسکتی تو بھی ان سے درخواست کرتا ہوں کہ کسی بھی ٹیم کو وہاں بھیج کر حالات کا جائزہ لیں، میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ میچز کا انعقاد چاہتا ہوں”۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ بنگلہ دیش کی جانب سے ‘کسی’ بھی ٹیم کو خوش آمدید کہیں گے چاہے وہ اے ٹیم ہو یا انڈر 19، ہم ہر سطح پر بنگلہ دیش سے کھیلنے کے لیے تیار ہیں اور ان کا وہاں گرم جوش استقبال کیا جائے گا۔