دہشتگردوں کوعبرت ناک سزائیں دی جائیں:احمد رضا قصوری

Ahmed Raza Kasuri

Ahmed Raza Kasuri

فیصل آباد (جیوڈیسک) قومی امن کونسل کے زیر اہتمام پشاور، شکار پور‘ماڈل ٹاؤن اور شہدائے ضرب عضب کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ بار کونسل ہال میں امن سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت مرکزی صدر چوہدری مزمل جٹ نے کی۔ سیمینار میں آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی چیف آرگنائزر احمد رضا قصوری، عوامی تحریک کے ضلعی صدر رانا طاہر سلیم خاں، ودیگر نے شرکت کی۔ احمد رضا قصوری نے کہا کہ پاکستان میں امن اُس وقت تک قائم نہیں ہوسکتا جب تک دہشت گردوں کو عبرت ناک سزائیں نہ دی جائیں۔

دہشت گردوں کی سرکوبی سے پہلے اُن کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے۔ فوجی عدالتیں وقت کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدبخت ہیں وہ لوگ جنہوں نے سانحہ پشاور کے بعد چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے سامنے 21 ویں ترمیم کی حمایت کی اور بعد میں کہا کہ اس ترمیم کے پاس ہونے سے دل خون کے آنسو روتا ہے، پاکستان میں امن کے قیام میں یہی لوگ سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اگر قوم باہر نکل آتی تو مزید سانحات نہ ہوتے وطن عزیز ایک ایسی قیامت سے گزر رہا ہے جس کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔ شہزاد جعفری، قاسم علی باوا، میاں عبدالقادر، ملک سرفراز قادری اور ملک عمران بھی اس موقع پر موجود تھے۔