شکرگڑھ :یونین کونسل 94 میں پولنگ کے دوران فائرنگ ، 12 افراد زخمی

Shakargarh

Shakargarh

شکرگڑھ (جیوڈیسک) بلدیاتی الیکشن کے دوران مختلف پولنگ سٹیشنز پر لڑائی جھگڑے کے واقعات رونما ہوئے جس کے دوران سیاسی جماعتوں کے کارکن زخمی ہوگئے ۔ شکرگڑھ کی یونین کونسل 94 چک قاضیاں میں ن لیگ کے کارکنوں کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے 12 کارکن زخمی ہوگئے ۔
اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ن لیگ کے امیدوار چیئرمین نے بھی مخالف امیدوار کے حامیوں پر فائرنگ کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ یونین کونسل 94 میں پولنگ سٹیشن کھلی جگہ پر قائم تھا جہاں پر ایک سیاسی جماعت کی جانب سے جعلی ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ، اس کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم اور ہاتھا پائی ہوگئی جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے 12 کارکن زخمی ہوگئے ۔

چک قاضیاں میں مسلم لیگ ن کے امیدوار برائے چیئرمین بھی مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والوں میں شامل تھے ۔ اس کے بعد پولنگ سٹیشن کو سکول کی عمارت کے اندر منتقل کر دیا گیا ، ملتان کی یونین کونسل 54 میں بھی پولنگ سٹیشن پر جھگڑے کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا ، اس پولنگ سٹیشن پر ایک جماعت کی جانب سے جعلی ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا جس کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں لڑائی ہوگئی ، اس کے بعد صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ۔

کراچی کی یونین کونسل 24 شاہ ولی اللہ میں بھی جعلی ووٹ ڈالنے کے الزام میں دو سیاسی جماعتوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا ۔ یونین کونسل 15 لانڈھی کورنگی میں بھی دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ہوا جس کے دوران سکیورٹی پر موجود پولیس اہلکار تماشہ دیکھتے رہے ، بعد ازاں رینجرز کو طلب کرکے حالات کو کنٹرول کیا گیا ۔

کراچی کے علاقے ملیر کی یونین کونسل 6 وارڈ 2 میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا ، اس پولنگ سٹیشن پر بھی مبینہ طور پر دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا تھا جس کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان تصادم شروع ہوگیا ۔

صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کر لیا ۔ جھنگ کی یونین کونسل 19 محلہ کپائیاں وارڈ 13 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان نعرے بازی کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ کراچی لیاری میں موسیٰ لین میں پی ٹی آئی اور اے این پی کے کارکنوں کے درمیان لڑائی ہوگئی ۔

دونوں جماعتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا تھا ، رینجرز نے صورتحال کو قابو کرنے کیلئے دونوں جماعتوں کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا ۔