میر شکیل، عامر میر کیخلاف کارروائی کا فیصلہ مشاورت کے بعد کرینگے، ڈی آئی جی

Rana Abdul Jabbar

Rana Abdul Jabbar

لاہور (جیوڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے میر شکیل الرحمن، عامر میر اور جیو انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے، ڈی آئی جی لاہور کہتے ہیں درخواست پر قانونی مشاورت کے بعد کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج لاہور غلام عباس سیال کا تحریری حکم نامہ وصول کرنے کے بعد درخواست گزار سردار آفتاب ورک اپنے وکیل کے ہمراہ تھانہ اسلام پورہ پہنچے تو پولیس نے عدالتی حکم کے باوجود میر شکیل الرحمن اور عامر میر کیخلاف مقدمہ درج کرنا تو دور کی بات عدالتی حکم نامہ وصول کرنے سے انکار کر دیا اور پولیس سٹیشن کا گیٹ بھی بند کر دیا۔

درخواست گزار کے وکیل صفدر محمود نے کہا کہ عدالت نے حکم دیا ہے کہ میرشکیل الرحمن، عامیر اور جیو انتظامیہ نے پاک فوج اور قومی سلامتی ادارے کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے پر اندراج مقدمہ کا حکم دیا ہے اگر عمل نہ ہوا تو وہ سپریم کورٹ تک جائیں گے۔ ایک گھنٹے تک جب تھانے کا دروازہ نہ کھلا تو محرر نے تھانہ گیٹ سے میر شکیل اور عامر میر کیخلاف درخواست وصول کر کے وکلا کو رسید فراہم کر دی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز رانا عبد الجبار نے کہا ہے کہ درخواست قانونی رائے کے لیے لیگل برانچ کو ارسال کریں گے جس کے بعد کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔