چٹا کانگ (جیوڈیسک) شکیب الحسن زمبابوے کے جانی دشمن بن گئے، ٹیسٹ کے بعد ون ڈے میں بھی عمدہ کھیل سے دہلا دیا۔ پہلے میچ میں ان کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت بنگلہ دیش نے 87 رنز سے کامیابی پائی۔
شکیب نے 101 کی اننگز کھیلنے کے بعد 4 وکٹیں بھی لیں۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش اور زمبابوے کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل شکیب الحسن کے نام رہا، انھوں نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی اپنا جادو جگاتے ہوئے ٹائیگرز کو 87 رنز سے فتح دلا دی۔
زمبابوین کپتان ایلٹن چگمبرا کے لیے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ سودمند نہیں رہا، میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 281 رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، ایک موقع پر ابتدائی 4 وکٹیں 70 کے اسکور پر گرگئی تھیں۔
ایسے میں شکیب الحسن نے پانچویں وکٹ کیلیے کپتان مشفیق الرحیم(65) کے ہمراہ 148 کی شراکت بناکر اننگز کو دوام بخشا،یہ اس وکٹ پر ملکی شراکت کا نیا ریکارڈ بھی بنا، شکیب الحسن نے 99 گیندوں پر 101 رنز بٹورے،صابر رحمان نے اختتام پر 25 گیندوں پر 44 رنز ناقابل شکست بناکر ٹیم کو تقویت بخشی، تناشے پیانگرا نے 66 رنز دے کر 3 شکار کیے۔
جواب میں زمبابوے نے ابتدائی 7 اوورز میں 46 رنز بناکر مثبت آغاز کیا لیکن شکیب نے اپنے دوسرے اوور میں انھیں 2 ضربیں لگا دیں، مہمان ٹیم اس کے بعد نہ سنبھل سکی اور 42.1 اوورز میں 194 پر ہمت ہارگئی، برینڈن ٹیلر 54 رنز بناکر نمایاں رہے، شکیب الحسن نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، عرفات سنی، محمود اللہ اور مشرفی مرتضیٰ نے 2،2 شکار کیے، پانچ میچز کی سیریز میں ٹائیگرز کو 1-0 کی برتری مل گئی ہے۔