شکیل آفریدی کے وکیل کیس سے دستبردار

Shakil Afridi

Shakil Afridi

پشاور (جیوڈیسک) مبینہ امریکی جاسوس ڈاکٹر شکیل آفریدی کے وکیل سمیع اللہ آفریدی نے اپنی جان کو لاحق خطرات اور امریکا کی جانب سے بے جا دباؤ کے پیش نظر مقدمہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سمیع اللہ آفریدی نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ امریکا کی جانب سے پاکستان پر دباؤ کی وجہ سے لیا جس کے باعث عدالتی کارروائیوں میں مداخلت پیدا ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستانی حکومت پر ماورائے عدالت رہائی کے حوالے سے دباؤ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی آر قوانین میں بھی تبدیلیوں کی ضرورت ہے اور وہ اس حوالے سے کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شکیل آفریدی کا مقدمہ انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لیا تھا تاہم کیس کی پیروی کرنے پر انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مختلف حلقوں کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں اس لیے ان کے لیے یہ مقدمہ مزید لڑنا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز بہت مشکل رہے ہیں اور ان کے پاس مقدمے سے دستبردار ہونے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔