پشاور (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے کالعدم تنظیموں سے روابط رکھنے کے جرم میں قید ڈاکٹر شکیل آفریدی کو دوسرے صوبے کی جیل منتقل کرنے سے متعلق خیبر پختونخوا حکومت کی درخواست مسترد کردی۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سینٹرل جیل پشاور میں قید ڈاکٹر شکیل آفریدی کو ملک کے دوسرے صوبے کی جیل میں منتقل کرنے سے متعلق خیبر پختونخوا حکومت کی درخواست پر عمل در آمد سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے جوابی مراسلے میں صوبائی حکومت کو لکھا ہے کہ سینٹرل جیل پشاور کی سیکورٹی مزید سخت کی جائے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے چند روز قبل ڈاکٹر شکیل آفریدی کو ملک کے دوسرے صوبے کی جیل میں منتقل کرنے کے لئے درخواست کی تھی۔
ڈاکٹر شکیل آفریدی کے سینٹرل جیل پشاور میں دو سال پورے ہوگئے ہیں اور صوبائی حکومت نے سیکورٹی خدشات کے پیشر نظر وفاقی حکومت کو کئی مرتبہ درخواستیں کی ہیں کہ انہیں ملک کے کسی دوسرے صوبے کی محفوظ جیل میں منقل کیا جائے۔