کراچی: انجمن طلبہ اسلام صوبہ ضلع کورنگی کے جنرل سیکرٹری اسامہ مصطفی اعظمی نے کہا ہے کہ بے حیائی کے دن منانے کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے، اگر کسی کو مغربی رسم و رواج اور مغربی بے حیائی میں سکون ملتا ہے۔
تو وہ پاکستان چھوڑ کو ان ممالک میں چلا جائے جہاں پر ماں اور بہن کی کوئی عزت نہیں ہوتی ہے، پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے اور یہاں کا قانون اللہ کی کتاب قرآن اور رسول اللہۖ کی سنت و اسوہ حسنہ کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے، پاکستان کا معاشرہ اس طرح کے بے شرمی کے مظاہرے کو کبھی بھی پسند نہیں کرتا ہے، انجمن طلبہ اسلام شاہ فیصل ٹائون کے زیر اہتمام میلاد مصطفیۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام صوبہ ضلع کورنگی کے جنرل سیکرٹری اسامہ مصطفی اعظمی نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام عشق مصطفیۖ کو عام کرنے والی طلبہ برادری کی جماعت ہے اور ہمارے لئے ہر دن امن و محبت کا ہے اورہر لمحہ عشق مصطفیۖ میں گزارنا ہمارے لئے باعث سعادت ہے۔
انجمن طلبہ اسلام شاہ فیصل ٹائون کے میلاد مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالوہاب قادری نے کہا کہ قوم میں بے حیائی و عریانی پھیلانے میں سب سے بڑا کردار میڈیا اور پھر مخلوط تعلیمی نظام کا ہے، مغربی استعمار اور این جی اوز پاکستان میں بے حیائی کو فروغ دینے کے لئے سازشیں بنارہا ہے۔
تاکہ اس قوم سے خودداری اور شخصی وقار ختم ہوجائے، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام شاہ فیصل ٹائون کے ناظم سیف صہیب قادری نے کہا کہ با کردار طلبہ با کردار معاشرہ تشکیل دے سکیں گے، جب کہ بے حیا ئی ان طلبہ کی فکری و قلبی فکر کو داغدار کر دے گی، اس موقع پر طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور انجمن طلبہ اسلام میں شمولیت کا اظہار کیا۔