بیروت (جیوڈیسک) حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک باغیوں کے بجائے شام میں سیاسی عمل کی حمایت کریں۔ شامی مسئلے کا حل سیاسی مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے اس امر کی تردید کی ہے کہ ان کی تنظیم نے بشارالاسد کی حکومت سے کیمیائی ہتھیار حاصل کئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حسن نصر اللہ کا کہنا تھا کہ ہم دو ٹوک اور حتمی طور پر الزام کی تردید کرتے ہیں۔ اس الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ سعودی عرب اور دیگر ممالک باغیوں کی حمایت کے بجائے شام میں سیاسی عمل کی حمایت کریں اور اپنی پوزیشن اور موقف کا ازسرنو جائزہ لیں۔ شام میں سنجیدہ طور پر صورتحال تبدیل ہونے کا آغاز ہو چکا ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے شامی باغیوں کے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ایک ناکام فوجی آپشن کے جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ مسئلے کا حل سیاسی ہے اور سیاسی مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ فوجی حل شام اور دوسروں کے لئے تباہ کن ہے۔ حسن نصراللہ نے دعوی کیا کہ سعودی عرب دوسرے ملکوں سے آنے والے ہزاروں جنگجووں کی مدد کر رہا ہے تا کہ وہ شام کی حکومت کے خلاف لڑ سکیں۔