این اے 149، شمس آباد پولنگ اسٹیشن پر تصادم، افشین بٹ کا دھاندلی کا

Polling Stations Collision

Polling Stations Collision

ملتان (جیوڈیسک) مخدوم جاوید ہاشمی کی خالی کردہ نشست پر انتخابی معرکہ میدان جنگ بن گیا۔ امیدواروں کے حامیوں کی لڑائی مار کٹائی نے انتخابی عملے کو بھی پریشان کر دیا سب سے زیادہ ہنگامہ آرائی شمس آباد میں پولنگ اسٹیشن نمبر چوبیس پر ہوئی جہاں جعلی ووٹ ڈالنے کے الزامات پر کشیدگی کے باعث پولنگ بھی روکنا پڑی ن لیگ اور تحریک انصاف کے ڈنڈا بردار کارکن ایک دوسرے کے خلاف صف آراء بھی ہو گئے۔ ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگاتے کارکن شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے۔

کشیدگی پر قابو پانے کیلئے رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر پولنگ اسٹیشن کا کنٹرول سنبھال لیا۔ ریٹرنگ افسر کے مطابق معاملہ غیر متعلقہ خاتون کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکالنے پر بگڑا۔ ہنگامہ آرائی کرتی ن لیگی کارکن افشین نے ریٹرننگ افسر پر دھاندلی کا الزام لگایا۔ چاہ بوہڑ والا میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے ن لیگ کے حمایت یافتہ مخدوم جاوید ہاشمی کی گاڑی روک لی اور نعرے بازی کی۔

این اے ایک سو انچاس کے دیگر کئی پولنگ اسٹیشنز پر بھی ہنگامہ آرائی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ جاوید ہاشمی چوک کمہاراں والا پولنگ اسٹیشن کا دورہ کرنے پہنچے تو عامر ڈوگر کے حامیوں نے گو نواز گو کے نعرے لگا دیئے۔ ووٹر لسٹیں نہ ملنے پر پیپلز پارٹی کے کارکن بھی احتجاج کرتے رہے۔