شنگھائی (جیوڈیسک) مہنگے اور شاندار ریسٹو ر نٹ تو دنیا میں بہت ہیں تاہم بیلجیئم کی ایک کمپنی نے حال ہی میں چین کے شہر شنگھائی میں ہوا میں معلق فضامیں ریسٹورنٹ قائم کر کے ضیافت اڑانے کا نیا اور دلچسپ طریقہ متعارف کرایا ہے۔
لیکن یہ ضیافت ہر کسی کی پہنچ میں نہیں۔ 165 فٹ(45 سے 50 میٹر) کی بلندی پر کھلی فضا میں کرین کے ذریعے معلق اس ریسٹورنٹ میں ایک ٹیبل کے گرد 22 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جس کے 8گھنٹے کا کرایہ 11 ہزار 44 ڈالر ہے۔
تاہم اس میں کیٹرنگ چارجز شامل نہیں جبکہ فی بندہ اس ڈائننگ ٹیبل پر بیٹھنے کی فیس 303 ڈالر سے 1 ہزار 400 ڈالر تک ہے۔ یہاں ایک ٹیبل پرمہمانوں کی تواضع کے لیے 3 افراد پر مشتمل اسٹاف جس میں شیف، ویٹر اور اینٹرٹینرکی خدمات حاصل ہیں۔
ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 350 افراد کے لیے اس ریسٹورنٹ میں ظہرانے کے علاوہ ناشتہ، عشائیہ اور بزنس میٹنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ انٹرنیٹ کی سہولت بھی موجودہے۔
تین دن تک شنگھائی میں موجود اس منفرد ریسٹورنٹ کی اب تک 308 سیٹیں بک ہوچکی ہیں۔ کمپنی نے پہلی مرتبہ یورپ میں یہ طریقہ متعارف کرایا تھا اور اب امریکا، کینیڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سمیت دنیا کے 40 ممالک میں کسی نہ کسی طریقے سے فضا میںمعلق اس طرح کے ریسٹورنٹ محدود مدت کے لیے متعارف کروائے جاتے ہیں۔