اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دارالحکومت بشکک پہنچ گئے۔
وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی عثمان ڈار بھی کرغزستان پہنچے ہیں۔
کرغزستان کے صدر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے غیررسمی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک ساتھ ڈنر ہال میں داخل ہوئے لیکن عمران خان اور نریندرمودی نے ہال میں داخل ہوتے ہوئے آپس میں کوئی مصافحہ نہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کرغزستان کے ایوان صدر میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی سائیڈ لائن کے موقع پر میزبان ملک کے سربراہ سورنبائی جینبیکوف سے ملاقات کی۔
عمران خان نے شنگھائی تعاون تنظیم کی میزبانی پر کرغزستان کے صدر کا شکریہ ادا کیا جب کہ میزبان ملک کے صدر نے ایس سی او میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
دونوں سربراہان مملکت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شہبہ ہائے جات میں تعاون پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان زمینی اور فضائی روابط کو مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان اور صدر سورنبائی جینبیکوف نے دونوں ممالک کے وزراء پر مشتمل کمیشن اور دو طرفہ سیاسی مشاورت پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کرغزستان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دوسرے ملکوں کے سربراہان سے مصافحہ کیا، عمران خان ہال کےایک کونے اور نریندر مودی دوسرے کونے میں موجود رہے۔
کرغزستان کے دارالحکومت بشکک روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایس سی او اجلاس کا مقصد خطے کی اقتصادی حالت کے اقدامات کا جائزہ لینا ہے، چند روز قبل او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوا تھا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی تجاویز ایس سی او لیڈر شپ کے سامنے رکھی جائیں گی جس پر وہ فیصلہ دیں گے، وزیراعظم عمران خان کی دیگر ممالک کی قیادت سے بھی ملاقات اور مشاورت ہو گی۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شرکت کررہے ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم کی اجلاس کے دوران سائیڈ لائن پر ملاقات کوئی امکان ظاہر نہیں کیا جا رہا۔