حصص کے کمیشن اور انعامی بانڈز پر ٹیکس بڑھنے کا امکان

Tax

Tax

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شادی ہالوں پر ان کے حجم کے مطابق ٹیکس عائد کرنے، اسٹاک ممبران کے کمیشن پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 50 فیصد بڑھا کر 0.01 سے 0.02 فیصد، بیرون ملک سفر کیلیے اکانومی کلاس کے ایئر ٹکٹ پر3 ہزار روپے ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دے دی ہے جس سے بیرون ملک سفر مہنگا ہو جائیگا۔

’’ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے آئندہ بجٹ میں فنانس ایکٹ کے ذریعے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھانے کی تجاویز دی گئی ہیں تاہم حتمی منظوری پارلیمنٹ دیگی، ایف بی آر کی جانب سے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں نان فائلرز کیلیے انعامی بانڈ کی رقم پر ودہولڈنگ ٹیکس بڑھا کر 20 فیصدکرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تاہم ٹیکس گوشوارے جمع کرانیوالے انعامی رقم پر معمول کی شرح کے مطابق ٹیکس ادا کرینگے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق اس اقدام سے ڈیڑھ ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوسکے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ نان فائلرز کیلیے بینکوں سے رقوم نکلوانے پر ودہولڈنگ کی شرح بڑھانے سے نان فائلرز نے اپنی سرمایہ کاری انعامی بانڈز میں منتقل کردی ہے۔

جس کے باعث یہ اقدام اٹھایا جا رہا ہے، یہ بھی تجویزہے کہ پاکستان اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) کے ممبران کے کمیشن پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 0.01 سے بڑھا کر 0.02 فیصد کر دی جائے، اس سے ڈیڑھ ارب کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا،اکانومی کلاس میں بیرون ملک فضائی سفر کرنیوالے مسافروں کیلیے ایئرٹکٹ پر 3ہزار روپے ٹیکس بھی عائد کیا جارہا ہے تاہم عازمین حج پر اطلاق نہیں ہوگا، اس سے ایف بی آرکو آئندہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 10ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔