کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کومندی سے آغاز کے باوجود غیرمتوقع طور پر تیزی رونما ہوئی ،تیزی کے سبب حصص کی مالیت میں 5 ارب 49 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔
ٹریڈنگ کے آغاز پر غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں اور بینکوں ومالیاتی اداروں کے سرمایہ نکالنے سے 190 پوائنٹس کی مندی ہوئی لیکن میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی سرمایہ کاری سے مندی کے اثرات زائل ہوگئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 73.83 پوائنٹس اضافے سے 32084.16 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 88.55 پوائنٹس بڑھ کر 20812.84 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 356.93 پوائنٹس کے اضافے سے51007.87 ہوگیا۔
کاروباری حجم پیر کی نسبت 49.24 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 27 کروڑ 89 لاکھ 29 ہزار 290 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 379 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 196 کے بھاؤ میں اضافہ، 165 کے داموں میں کمی اور 16 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔