کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکس چینج نے بدھ کو ایک اور نیا ریکارڈ قائم کردیا، کے ایس ای 100 انڈیکس 33629 پوائنٹس کی تاریخی سطح کو چھونے کے بعد 33585 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں 36 ارب 49 کروڑ 39 لاکھ 21 ہزار 386 روپے کااضافہ ہوا اور کاروباری لین دین 11 کروڑ حصص زائد رہا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کارجحان غالب رہا، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار توانائی، سیمنٹ سمیت دیگر منافع بخش سیکٹرز میں سرگرم دکھائی دیے جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس33400، 33500 اور33600 پوائنٹس کی 3بالائی حدوں کوعبور کرتا ہوا 33629.13 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچا تاہم کاروبار کے اختتام سے قبل تکنیکی درستی کے باعث انڈیکس یہ سطح برقرار نہ رکھ سکا، اس سے قبل 12 جنوری 2015 کو انڈیکس 33418.20 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔
سرمایہ کاروں کے مطابق33500 پوائنٹس کی سطح عبور کرنے کے بعد مارکیٹ آئوٹ لک بہتر دکھائی دے رہا ہے اوریہی صورتحال سرمایہ کاروں کومزید متحرک بھی کررہی ہے۔ بدھ کوکاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس میں 214.46 پوائنٹس اضافے سے 33585.75 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کے ایس ای 30 انڈیکس 116.76 پوائنٹس بڑھ کر 21703.90 پوائنٹس پر بند ہوا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 37.47 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 38 کروڑ 35 لاکھ 60 ہزار 770 حصص کاکاروبار ہوا، کاروبار کا دائرہ کار 404 کمپنیوں کے حصص تک وسیع ہوگیاجس میں سے 238 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 147 میں کمی اور 19 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔