حصص مارکیٹ، 148 پوائنٹس کی ابتدائی تیزی 18 تک محدود

Shares Market

Shares Market

کراچی (جیوڈیسک) خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی اور پاکستان میں ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں اضافے کے باوجود قرضوں کی شرح سود کم نہ کیے جانے پر سرمایہ کاروں میں پھیلنے والی مایوسی کے اثرات منگل کو کراچی اسٹاک ایکس چینج کی کاروباری سرگرمی پر بھی مرتب ہوئے جہاں سرمایہ کاروں نے حصص کی تجارت میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مارکیٹ میں قابل ذکر نوعیت کی تیزی رونما نہ ہوسکی۔

بلکہ کاروباری صورتحال ملے جلے رحجان سے دوچار رہی جس سے52.01 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں تاہم انڈیکس میں اضافے سے حصص کی مالیت میں 18 ارب 30 لاکھ43 ہزار 538 روپے کا اضافہ ہوگیا، کاروباری دورانیے میں پی ایس او کے حصص میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے ایک موقع پر 142.08 پوائنٹس کی نمایاں تیزی سے انڈیکس 27371.18 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا تھا لیکن سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں کی عدم دلچسپی کے سبب تیزی کی مذکورہ حد زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 29 لاکھ86 ہزار137 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے18 لاکھ 16 ہزار 362 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے2 لاکھ 55 ہزار426 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے 5 لاکھ 13 ہزار 976 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے4 لاکھ 373 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔

ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے مطلوبہ نتائج تاحال نہ ملنے کی وجہ سے بھی سرمایہ کار مضطرب ہیں، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 17.87 پوائنٹس اضافے سے 27246.97 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 58.77 پوائنٹس کے اضافے سے 45654.81 ہوگیا جبکہ اسکے برعکس کے ایس ای 30 انڈیکس 28.83 پوائنٹس کی کمی سے19579.65 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 21 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر16 کروڑ58 لاکھ 2 ہزار240 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ373 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں154 کے بھائو میں اضافہ، 194 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھائو 296 روپے بڑھ کر8996 روپے اور پاکستان ٹوبیکو کے بھائو45.83 روپے بڑھ کر 962.58 روپے ہوگئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھائو226.86 روپے کم ہو کر 4472.14 روپے اور باٹا پاکستان کے بھائو 76.75 روپے کم ہو کر 2901.50 روپے ہوگئے۔