حصص مارکیٹ میں ریکارڈ ساز تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا

Karachi Stock Exchange

Karachi Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ریکارڈنوعیت کی تیزی کے بعد جمعرات کوپرافٹ ٹیکنگ کے باعث مندی رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی 34300 اور 34200 پوائنٹس 2حدیں بیک گر گئیں۔

68.81 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے36 ارب 67 کروڑ29 لاکھ 24 ہزار601 روپے ڈوب گئے، ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر60 لاکھ36 ہزار840 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں ایک موقع پر85 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے9 لاکھ99 ہزار 823 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے 2 لاکھ89 ہزار 918 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے47 لاکھ47 ہزار 99 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا نے تیزی کو مندی میں تبدیل کر دیا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس182.53 پوائنٹس کی کمی سے 34146.97 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس108.65 پوائنٹس کی کمی سے 22206.25 اور کے ایم آئی30 انڈیکس331.08 پوائنٹس کی کمی سے 53532.85 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت 13.40 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر30 کروڑ77 لاکھ79 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 388 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں104 کے بھاؤ میں اضافہ، 267 کے دام میں کمی اور17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔