کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں سال کے اختتامی سیشن بدھ کو ایک بار پھر تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی32000 پوائنٹس کی حد بحال ہو گئی۔
59.11 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں54.47 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا، کاروبارکے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 177.38 پوائنٹس کے اضافے سے 32131.28 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 63.42 پوائنٹس کے اضافے سے 20771.55 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 338.26 پوائنٹس کے اضافے سے 50735.12 ہوگیا۔
کاروباری حجم منگل کی نسبت 7.03 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 20 کروڑ 29 لاکھ 9 ہزار610 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 384 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں227 کے بھائو میں اضافہ، 131 کے داموں میں کمی اور 26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
تیزی میں مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور میوچل فنڈز کی جانب سے کی جانے والی مجموعی طور پر66 لاکھ 95 ہزار 61 ڈالر کی تازہ سرمایہ کاری نے اہم کردار ادا کیا۔