لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف اپنے تکبر اور انا کی وجہ سے بند گلی میں آگئے ہیں، اب ان کے لئے صرف استعفے کا ہی راستہ بچا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں سے خطاب کے دوران چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے بائیکاٹ اور گواہوں کی عدم پیشی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ کے جوڈیشل ٹریبونل نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تمام تر ذمہ داری وزیراعلیٰ شہباز شریف اور پنجاب حکومت پر عائد کی ہے۔
رپورٹ میں واضح طور پر کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب کی پریس کانفرنس اور ان کے بیان حلفی میں تضاد پایا جاتا ہے۔ اس رپورٹ کی روشنی میں بھی ایف آئی آر درج نہ ہو تو اس سے بڑی ناانصافی نہیں ہوسکتی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا ضرور ملے گی کیونکہ اللہ کے ہاں دیر ہے لیکن اندھیر نہیں۔
پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف اپنے تکبر اور انا کی وجہ سے ایک بند گلی میں آگئے ہیں، اب ان کے لئے صرف استعفے کا ہی راستہ بچا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں اپوزیشن کے لئے الگ قانون ہے اور حکمرانوں کے لئے علیحدہ ہم اگر احتجاج کرتے ہیں تو ہمارے چاروں طرف کنٹینر لگا دیئے جاتے ہیں، ہمارا پانی بھی بند کردیا جاتا ہے۔ جب حکمران ریلیاں نکالیں تو ان کے لئے سب کچھ جائز ہوتا ہے۔
گزشتہ روز لاہور میں نکالی گئی ریلی کے شرکا سرکاری ملازم تھے جن کی وہاں پر باقاعدہ حاضریاں لگائی گئیں۔ ہم اس ملک میں ایسی تبدیلی چاہتے ہیں جس سے عام آدمی کے لئے آسانیاں پیدا ہوں۔ اس ملک میں غریبوں کو انصاف دلانے کے لئے ہم باہر نکلے ہیں، ہماری منزل اب زیادہ دور نہیں۔