لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی برطانیہ سے پاکستان پہنچا دیا گیا۔
نواز شریف کی ہمشیرہ کوثر بیگم بھی میت کے ساتھ لاہور پہنچیں جب کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے لاہور ائیر پورٹ پر بیگم شمیم اختر کی میت وصول کی جسے شریف میڈیکل کمپلیکس جاتی امرا پہنچا دیا گیا ہے۔
بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ دوپہر ڈیڑھ بجے شریف میڈیکل کمپلیکس میں ادا کی جائے گی۔
بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ گزشتہ روز لندن کی مرکزی مسجد میں ادا کی گئی تھی، کورونا ایس او پیز کے تحت نماز جنازہ میں 30 افراد کے شریک ہونے کی اجازت تھی، لندن میں بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ میں نوازشریف، حسین نواز، حسن نواز، اسحاق ڈار، ان کے بیٹے علی ڈار اور قریبی عزیز شریک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے والدہ کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کے لیے گزشتہ روز شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 5 روزہ پیرول پر سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے رہا کیا تھا۔
پیرول قواعد کے تحت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی رہائش گاہ سب جیل قرار دی گئی ہے اور جیل کا عملہ اُن کے ساتھ رہے گا۔