شریف برادران کے نزدیک عوام سائل نہیں بلکہ حکومت کے شراکت دار ہیں، خرم دستگیر خان

گوجرانوالہ : وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ شریف برادران کے نزدیک عوام سائل نہیں بلکہ حکومت کے شراکت دار ہیں، حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے تما م وسائل،توانائیاں اور صلاحیتیں صرف کر رہی ہے، مسلم لیگ ن کی قیادت سرکاری اداروں کو عوامی خدمت کے مراکز کے روپ میںدیکھنا چاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ 11 مئی2013ء کو عوام کے ووٹوں سے منتخب کی گئی مسلم لیگ ن کی حکومت صدق دل سے عوام کی خدمت میں مصروف ہے اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے پوری تندہی کے ساتھ کام ہو رہا ہے ،شریف برداران کے نزدیک عوام اور حکومت کا رشتہ حکمران اور سائل کی بجائے شراکت دار کا ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت ہر پاکستانی کو عزت کا احساس دلانے اور سب کے لئے روزگار کے یکساں اور وسیع مواقع پیدا کرنے کے لئے ٹھوس اور مثالی اقدامات کررہی ہے،حکومت کی غیر معمولی کاوشوں اور محنت سے ملک کی روشنیاں بہت جلد بحال ہوں گی اورعوام کے بجھے ہوئے چولہے پھر سے جلنے لگیں گے، ملک میں فیکٹریاں اور کارخانے چلنے سے عام آدمی کے لئے نیا روزگار پیدا ہو گا۔