لاہور (جیوڈیسک) ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مربوط سکیورٹی میکنزم اور پہلے سے کارفرما سول ملٹری جوائنٹ آپریشنز کوآرڈینیشن سنٹرز جو پہلے سے کام کر رہے ہیں، کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
ملاقات میں گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خود کش حملے کے تناظر میں دہشت گرد ی کے خلاف منظم اور مربوط کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں صوبے میں جاری آپریشنز میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں طے کیا گیا کہ آرمی، رینجرز، سی ٹی ڈی اور پولیس کے اشتراک سے دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔