اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف چار ریفرنسز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کر دئیے گئے ہیں۔ نواز اور بچوں کیخلاف تین ریفرنسز نیب کی سیکشن نائن اے کے تحت جبکہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس سیکشن چودہ سی کے تحت دائر کیا گیا ہے۔
رجسٹرار احتساب عدالت نے تصدیق کی کہ چاروں ریفرنسز موصول ہو چکے ہیں، ریفرنسز اسکروٹنی کے بعد عدالت میں پیش کر دیں گے۔ نواز شریف اور بچوں کیخلاف تین ریفرنسز نیب کی سیکشن نائن اے کے تحت دائر کیے گئے ہیں۔ سیکشن نائن اے غیر قانونی رقوم اور تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے۔ سیکشن 9 اے کی دفعات کی سزا 14 سال قید مقرر ہے۔
اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس میں سیکشن 14سی لگائی گئی ہے، سیکشن 14 سی آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق ہے، 14 سی کی سزا بھی سال قید مقرر ہے۔ مریم نواز کی جانب سے مبینہ جعلی دستاویزات دینے پر الگ سے شیڈول دو کا حوالہ دیا ہے، مریم نواز کے خلاف تحقیقات کو نقصان پہنچانے کی دفعہ 31 اے بھی شامل کی گئی ہے۔ مریم نواز کے خلاف اس الزام کے جرم میں 3 سال قید کی سزا ہے۔