لاہور: پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری برائے اقلیتی امور و چیئرمین یونین کونسل 246 یوحنا آبادآصف سہیل کھوکھر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت ختم ہو چکی ہے ، وزیراعظم اور ان کے درباریوں کی نیندیں حرام چکی ہیں، (ن) لیگ کے رہنماؤں کی کرتوتیں جلد عوام کے سامنے آنے والی ہیں۔
پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد ملک میں تبدیلی کا عمل شروع ہوگا ان خیالات کا اظہار آصف سہیل کھوکھرنے اپنے حلقے میں سوئی گیس پائپ لائن کے افتتاح کے موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اور ان کی فیملی اپنے ہی غلط بیانوں اور اعلیٰ عدلیہ کے اندر غلط ڈاکومنٹ پیش کرنے کی وجہ سے بْری طرح پھنس چکی ہے۔
شریف فیملی ایک جھوٹ کو چھپانے کے لئے کئی جھوٹوں میں پکڑی جا چکی ہے ،آصف سہیل کھوکھرنے کہا کہ (ن) لیگ کی تاریخ بتاتی ہے کہ انہوں نے کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیااور اپنی تجوریاں اور بنک بیلنس میں اضافہ ان کا طرہ امتیازرہا ہے ، اپنے چارسالہ حکومت میں (ن) لیگ کی تجربہ کار ٹیم نے قرضوں کا بوجھ دگنا کردیا ہے ، کشکول توڑنے والوں نے اپنی عیاشیوں اور کمیشن کی خاطر ریکارڈ قرضے لئے ہیں ، آصف سہیل کھوکھر نے کہاکہ وزیراعظم کے ساتھ ساتھ ان کے حواریوں اور درباریوں کے بھی کڑے احتساب کا وقت قریب ہے۔