اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کے معاملے پر جسٹس اعجاز الاحسن کو نگران جج مقرر کر دیا، انکی غیر موجودگی میں جسٹس اعجاز افضل یہ ذمہ داری سرانجام دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے حکم کے بعد رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس اعجاز الاحسن کی بطور نگران جج تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جسٹس اعجاز الحسن کی بطور نگران تقرری سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں کی گئی ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی غیرموجودگی میں جسٹس اعجاز افضل نگران جج کی خدمات سرانجام دیں گے، عدالت نے شریف خاندان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں، لندن فلیٹس کے حوالے سے نیب کو ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا اور اس تمام تر معاملے کی نگرانی کیلئے عدالت عظمیٰ کا ایک جج مقرر کرنے کہا گیا تھا۔