اسلام آباد (جیوڈیسک) شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت پیش ہو گئے، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر بھی ہمراہ ہیں۔ مصدق ملک، پرویز رشید، طلال چودھری، وزیر مملکت مریم اور نگزیب، سائرہ افضل تارڑ اور امیرمقام بھی جوڈیشل کمپلیکس میں موجود ہیں۔
عدالت نے بیان ریکارڈ کرانے کے لئے استغاثہ کے 3 گواہوں، پولیس سٹیشن نیب لاہور کے سب انسپکٹر عمردراز گوندل، دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر آفاق احمد اور ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ناصر جونیجو کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کر رکھا ہے۔
شریف خاندان کے وکلاء گواہوں پر جرح کریں گے۔ تینوں نیب ریفرنسز میں اب تک استغاثہ کے 13 گواہان بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کے خلاف اب تک فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی 20، ایون فیلڈ پراپرٹیز کی 19 جبکہ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی 23 سماعتیں ہو چکی ہیں۔ نواز شریف 12، مریم نواز 14 جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر 15 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ہیں۔