ہری پور (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان اقتدار میں آکر ارب پتی بن گیا لیکن نیب کبھی بھی شریف برادران کو نہیں پکڑے گا۔
ہری پور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پولیس سے غلط کام کرائے جارہے ہیں جب کہ قصور میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات پر سر شرم سے جھک گئے ہیں، پولیس نے آج بھی قصور کے گاؤں کا گھیراؤ کیا ہوا ہے اور والدین پر صلح کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ بچوں سے بدفعلی کے واقعات کو زمین کا تنازع قرار دے رہے ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) نے پولیس کے ذریعے عوام کو یرغمال بنالیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کا حال بھی پنجاب پولیس جیسا ہے، چیلنج کرتا ہوں سارے صوبوں کی پولیس کا خیبرپختونخوا پولیس سے موازنہ کرلیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پختونخوا پولیس نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، صوبے کی پولیس غیرسیاسی ہے جس میں سفارش پر بھرتیاں نہیں ہوتیں جب کہ پنجاب میں صوبائی حکومت نے پولیس کو تباہ کردیا اور آج پولیس اہلکار بلدیاتی انتخابات کی ٹکٹیں دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اقتدار میں آکر ارب پتی بن گیا ہے، نیب کبھی نواز شریف اور شہباز شریف کو نہیں پکڑے گی، یہ لوگ مجرموں کو ٹکٹ دیتے ہیں اور اقتدار میں آکرمزید پیسے بناتے ہیں۔