اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے شریف فیملی کیخلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کل تک ملتوی کر دی۔ استغاثہ کے گواہ ملک طیب کا بیان کل ریکارڈ کیا جائے گا۔
احتساب عدالت میں العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس پر کیس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ کیپٹن (ر) صفدر عدالت میں پیش ہوئے لیکن نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور استغاثہ کے گواہ ملک طیب راستے بند ہونے کے باعث عدالت نہ پہنچ سکے جس کے باعث سماعت بغیر کسی کاروائی کے کل تک ملتوی کر دی گئی۔
احتساب عدالت کے باہر کیپٹن (ر) صفدر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوتے ہوئے کہا حکومت کو پیر حسین الدین کی سفارشات پرعمل کر لینا چاہیے تھا، مذاکرات کے عمل میں شامل ہوتا تو نوبت یہاں تک نہ آتی۔ انہوں نے کہا ختم نبوت پر یقین تمام مسلمانوں کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔
واضح رہے اب تک سابق وزیر اعظم نواز شریف 6 مرتبہ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر 8، 8 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ حسن اور حسین نواز ایک مرتبہ بھی عدالت نہیں آئے جس پر انہیں اشتہاری ملزم قرار دے دیا گیا ہے۔
عدالت ملزمان کے دائمی وارنٹ جاری کرنے کا بھی حکم دے گی۔ نواز شریف پر ان کے نمائندے ظافر خان کی موجودگی میں 19 اکتوبر کو 2 ریفرنسز جبکہ 20 اکتوبر کو ایک ریفرنس میں فرد جرم عائد کی گئی۔