شریف خاندان کواس مرتبہ سعودی عرب نے بھی پناہ دینے سے انکار کر دیا ہے، طاہرالقادری

Tahir-ul-Qadri

Tahir-ul-Qadri

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہر القادری کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے خاندانی سطح پر بھاگنے کا منصوبہ بنالیا ہے لیکن ان کو اس مرتبہ سعودی عرب نے بھی ٹھکانہ دینے سے بھی انکار کردیا ہے جب کہ شریف خاندان بھاگ کر امریکا میں پناہ حاصل کرنے کے لئے منصوبہ بنا رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکمران
ریاستی قوت کو اپنے ناپاک عزائم کے لئے استعمال کررہے ہیں، گھروں پر چھاپے مارنا اور کارکنوں کو گرفتار کرنا حکومت کی بوکھلاہٹ کا کھلا ثبوت ہے، حکومت کی دیواریں گرنے والی ہیں اور ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانا انقلاب کی پہلی فتح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے لیکن وہ انہیں بتادیتے ہیں کہ ملک سے ظلم کے اندھیرے ختم ہونے اور انقلاب آنے تک وہ ملک سے باہر نہیں جائیں گے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ابھی تو یوم شہدا کا اعلان کیا ہے اور حکمرانوں نے خاندانی سطح پر بھاگنے کا منصوبہ بنالیا ہے لیکن ان کو اس مرتبہ سعودی عرب نے بھی ٹھکانہ دینے سے بھی انکار کردیا ہے، شریف خاندان بھاگ کر امریکا میں پناہ حاصل کرنے کے لئے منصوبہ بنا رہے ہیں، حمزہ شہباز نے وزارت خارجہ کے ذریعے امریکی سفارت خانے میں اپنے گھریلو ملازموں تک کے بھی ویزوں کی درخواستیں دی ہیں لیکن ان لوگوں کو دنیا کا کوئی جمہوریت پسند ملک پناہ نہیں دے گا۔

حمزہ شہباز کی درخواست پر امریکی سفارت خانے نے ان کے ملازمین کے انٹرویو کی تاریخ 18 اگست مقرر کی لیکن انہیں ملک سے فرار ہونے کی اس قدر جلدی ہے کہ انہوں نے درخواست کی ہے کہ انٹرویو کو جلد از جلد کیا جائے۔ انہیں کینیڈا جانے کا طعنہ دینے والے سن لیں کہ اب کون امریکا فرار ہورہا ہے۔

سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ وہ کوئی مارشل لا نہیں عوام کا اقتدار دیکھ رہے ہیں، اس ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت ہے جسے ختم کیا جائے گا۔ حکمرانوں سے لوٹی ہوئی دولت کا حساب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے محلے اجاڑ کر اپنے محلات بنانے والوں کو حساب دینا ہوگا،18 کروڑ عوام کے معاشی قاتلوں کو کوئی محفوظ راستہ نہیں دیا جائے گا۔