شارجہ (جیوڈیسک) شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنالیے۔ اوپنر محمد حفیظ 178 رنز کے ساتھ اور کپتان مصباح الحق 38 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تو 44 کے اسکور پر شان مسعود 12 رنز بنا کر کریگ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
جس کے بعد محمدحفیظ نے اظہر علی کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز کا اضافہ کیا ۔اظہر علی 39 رنز بنا کر کریگ ہی کا شکار بنےپھر یونس خان صرف 5 رنز بنا کر ڈینیئل ویٹوری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے،اس وقت پاکستان کا اسکور 160 رنز تھا۔کپتان مصباح الحق نے حفیظ کے ساتھ مل کر کھیل کے اختتام تک ٹیم کا اسکور 281 تک پہنچا دیا۔
پاکستان نے اس میچ میں دو تبدیلیاں کیں، اوپنر توفیق عمر کی جگہ محمد حفیظ واپس آئے جبکہ احسان عادل کی جگہ محمد طلحہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں تجربہ کار آل راؤنڈر ڈینیئل وٹوری جو ان فٹ ہونے کے بعد کافی عرصے سے ٹیم سے باہر تھے واپس آئے ہیںاور انہوں نے اس میچ میں شرکت کرکے نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کا ریکارڈ قائم کیا، یہ ان کا 112 واں ٹیسٹ میچ ہے۔