شارجہ (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے ٹیم میں توفیق عمر اور احسان عادل کی جگہ محمد حفیظ اور محمد طلحہ کو شامل کیا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، سرفراز احمد، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور راحت علی شامل ہیں، کیویز الیون میں جیمز نیشم کی جگہ تجربے کار آل راؤنڈر ڈینئیل ویٹوری نے جگہ بنائی ہے اس طرح ویٹوری نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کرکٹر بن گئے ہیں۔
قومی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کررہی ہے، پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے 44 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس موقع پر شان مسعود 12 رنز بنا کر مارک کریگ کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے، شان مسعود کے بعد محمد حفیظ کا ساتھ نبھانے اظہر علی میدان میں آئے دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 87 رنز جوڑے، 131 کے مجموعی اسکور پر مارک کریگ نے اظہر علی کی وکٹ لے کر اس شراکت کو توڑا، اظہر علی نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے رواں برس ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان کریز پر آئے لیکن وہ زیادہ وقت نہ ٹھہر سکے اور ڈینئیل ویٹوری کا شکار بنے انہوں نے 5 رنز بنائے، اسی دوران محمد حفیظ نے اپنی سنچری اسکور کی۔
کریز پر اس وقت محمد حفیظ اور مصباح الحق موجود ہیں۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔