شارجہ (جیوڈیسک) برطانوی ٹیم نے دوسرے روز کا کھیل بغیر کسی نقصان کے چار رنز سے شروع کیا۔ پاکستان کو پہلی کامیابی جلد ہی حاصل ہوئی جب معین علی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان کک اور آئن بیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔ کھانے کے وقفے پر برطانوی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 87 رنز بنائے تھے۔
کھانے کے وقفے کے بعد انگلش کپتان کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 49 رنز بنائے۔ اس کے بعد جے ای روٹ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ چائے کے وقفے کے بعد آئن بیل 40 رنز بنا کر سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد جیمز ٹیلر نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا بلکہ نصف سینچری بنانے میں بھی کامیاب ہوئے۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر جیمز ٹیلر 74 جبکہ بیرسٹو 37 رنز بنا چکے ہیں اور کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 جبکہ راحت علی اور شعیب ملک نے ایک، ایک انگلش بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم 234 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔