شارجہ (جیوڈیسک) شارجہ میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ کی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 46 رنز بنا لئے ہیں۔ انگلینڈ کے بلے بازوں نے مایوس آغاز کیا۔ اوپنر معین علی 22 جبکہ آئن بیل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
دونوں بلے بازوں کو اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کھلاڑی شعیب ملک نے آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 355 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ انگلینڈ کو جیت کیلئے 284 رنز کا ہدف درکار ہے۔ پاکستان نے آج 146 رنز تین کھلاڑیوں کے نقصان پر چوتھے روز کے کھیل کا آغاز کیا۔ شروع میں محمد حفیظ کچھ دباؤ کا شکار نظر آئے لیکن اس کے باوجود انہوں نے سینچری مکمل کرکے اپنا اعتماد بحال کر لیا۔
برطانوی کھلاڑیوں نے محمد حفیظ کو آئوٹ کرنے کے تین مواقع ضائع کئے۔ آج پہلے سیشن میں انگلینڈ کو راحت علی کی صورت میں واحد کامیابی مل سکی۔ انہوں نے نائٹ واچ مین کا کردار ادا کیا اور بغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹے۔ کھانے کے وقفے تک پاکستانی بیٹسمینوں نے برطانوی بولروں کو ذمہ داری کے ساتھ کھیلا۔ کھانے کے وقفے کے بعد آئوٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی کپتان مصباح الحق تھے جنہوں نے 38 رنز بنائے۔ محمد حفیظ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 151 رنز بنائے تاہم ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آئوٹ ہو کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
اس کے بعد وکٹ کیپر سرفراز احمد 36 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ یاسر شاہ صرف 4 رنز بنا سکے۔ اسد شفیق 46 رنز کی اننگز کھیل کر بولڈ ہوئے جبکہ وہاب ریاض 21 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے۔ یوں پاکستان کی پوری ٹیم 355 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے 234 جبکہ انگلینڈ نے 306 رنز بنائے تھے۔ گزشتہ روز آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز اظہر علی تھے جو 34 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے پہلی وکٹ کے لیے حفیظ کے ساتھ مل کر 101 رنز کی شراکت قائم کی۔
ان کی جگہ آنے والے شعیب ملک کوئی رن بنائے بغیر جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کھیل کے اختتام سے کچھ دیر قبل پاکستان کی تیسری وکٹ گری جب یونس خان سٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ انھوں نے امپائر کے فیصلے پر ریویو لیا لیکن فیصلہ برقرار رہا۔ انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ نے 3، اینڈرسن نے 2 جبکہ پٹیل، معین علی اور راشد نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی ٹیم کو تیسرا اور فائنل ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 284 رنز کا ہدف درکار ہے۔