کراچی : صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر بلدیہ کورنگی کا شاہ فیصل زون میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن عظیم پورہ ڈبل روڈ پر قائم گرین بیلٹس سے درجنوں شادی ہالوں اور کچے ،پکے تجاوزات کا خاتمہ کردیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن نے شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی سمیت بلدیہ کورنگی کے تحت جاری بلدیاتی انتظامات کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے گرین بیلٹس پر قائم غیر قانونی میرج لانز سمیت تجاوزات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ اور بلدیہ کورنگی سے فوری طور پر گرین بیلٹس سے غیر قانونی میرج لانز سمیت تجاوزات اور تعمیرات کے خاتمے کا حکم دیا
جس پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے ضلعی انتظامیہ کورنگی کے باہمی تعاون کے ذریعے تجاوزات کے خلاف 10گھنٹے طویل گرینڈ آپریشن کے دوران شاہ فیصل کالونی میں گرین بیلٹس پر قائم درجنوں شادی ہالز اور دیگر تجاوزات و تعمیرات کا خاتمہ کردیا آپریشن کی تمام تر نگرانی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان ،میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن اور ضلع انتظامیہ کورنگی کے ہمراہ انجام دی اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ ضلع کورنگی کی حدود میں سرکاری اراضی کے چپے چپے کی حفاظت یقینی بنایا جائیگا تجاوزات اور تعمیرات کا خاتمہ کرکے ضلع کورنگی کو قبضہ مافیا کے چنگل سے پاک بنائیں گے انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عملد رآمد کرتے ہوئے فلاحی ،رفاحی اور گرین بیلٹس اور پارکس پر کسی کو بھی قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے مرتکب افراد کو قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا
اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن ضلع کورنگی کی حدود میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے قائم کردہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا ازخود خاتمہ کردیں ورنہ آپریشن کے دوران تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے ساتھ بھاری جرمانے اور قانونی کاروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔شاہ فیصل کالونی کے گرین بیلٹس سے تجاوزات کے خاتمے پر علاقہ معززین اور عوام نے بلدیہ کورنگی کے اقدام کو سرا ہا اور فوری طور پر گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش کرنے کی اپیل کی۔