کہیں تیز ہوائیں اور کہیں بارش، موسم کی کروٹ نے بڑھتی گرمی کو بریک لگایا

Weather

Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) گرمی سے نڈھال شہریوں کی دعائیں سن ہی لی گئیں، پنجاب کے شہروں میں بارش اور سندھ میں تیز ہواوٴں نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ خیبر پختونخوا میں بھی بعض مقامات پر بارش نے موسم خوشگوار بنادیا۔

کئی دنوں کی گرمی اور حبس کے بعد اتوار کو پنجاب کے مختلف شہروں میں اچانک تیز ہواوٴں کے ساتھ برسات شروع ہوگئی،موسم سہانا ہوا تو لوگوں نے بھی تفریحی مقامات اور مزیدار کھانے کی دکانوں کا رخ کرلیا۔ سندھ کے میدانی علاقے سارا دن گرمی کی لپیٹ میں رہے۔

تاہم شام کے وقت حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، میرپورخاص، دادو، نوشہر وفیروز سمیت متعدد علاقوں میں تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوگئی، کراچی کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہواوٴں سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔

خیبرپختونخوا کے شہرمانسہرہ میں بارش نے موسم کوخوشگوار بنادیا، ایبٹ آباد اور گلیات سمیت ملحقہ علاقوں میں بارش اور ژالہ باری نے لوگوں کے دل خوشی سے بھر دیئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، پنجاب، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز تربت 43 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے ساتھ ملک کا گرم ترین علاقہ رہا۔