اسلام آباد (جیوڈیسک) دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف فنڈز خورد برد کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے ، پی ٹی آئی ہمیشہ حکم امتناع کے پیچھے چھپتی ہے ، کینسر کے مریضوں کیلئے چندے کا پیسہ بیرونی سرمایہ کاری میں ضائع کرنے والے اب دبئی سے سرمایہ واپس لائیں۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ کروڑوں کی گاڑیوں میں آ کر جعلی حلف نامے جمع کروانے والے آج غائب ہیں ۔ الیکشن کمیشن میں غیرملکی فنڈنگ کا کیس موجود ہے ، عمران خان حکم امتناع کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دھرنے میں لوگوں کو ٹیکس نہ دینے کی ترغیب دی گئی ، بجلی کے بل جلائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی بیگم اور بیٹی کی جائیداد سے متعلق حقائق توڑ مروڑ کر پیش کیے گئے۔
ہمارے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے ۔ شوکت خانم کے فنڈز بیرون ملک سرمایہ کاری میں ضائع کیے گئے ۔ تحریک انصاف غیر ملکی فنڈنگ کا حساب دے ۔ عمران خان جان لیں حیلے بہانوں سے کام نہیں چلے گا ، وقت آ گیا ہے کہ سچ کو سچ کہا جائے ۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن نے جھوٹے حلف نامے جمع کرانے پر علیم خان کے خلاف کیس کی سماعت اٹھارہ اپریل تک ملتوی کر دی۔