لاہور(جیو ڈیسک)لاہورکے شوکت خانم میموریل کینسراسپتال میں زیرِعلاج عمران خان کی سیکیورٹی حکومت اورخفیہ اداروں نے سنبھال لی۔ان کا کمرہ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے، صرف ذاتی معالج اوران کی بہن کوملنے کی اجازت دی گئی ہے۔
عمران خان منگل کی شام غالب مارکیٹ لاہورمیں جلسے سے خطاب کیلئے اسٹیج پرچڑھتے ہوئے لفٹرسے گر زخمی ہو گئے تھے۔وہ شوکت خانم اسپتال میں زیرِعلاج ہیں،بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب عمران خان کی سیکیورٹی اچانک سخت کردی گئی ۔
حکومتی اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے سیکیورٹی انتظامات سنبھال لئے۔عمران خان کواسپتال کی پہلی منزل کے پرائیویٹ کمرے سے تیسری منزل پرواقع خصوصی کمرے میں منتقل کردیاگیا ،جہاں ہرقسم کے داخلے پرپابندی عائدکردی گئی ۔
صرف عمران کیذاتی معالج اوران کی بہن کوان کے کمرے میں جانے کی اجازت ہے،اس کیلئے بھی انہیں خصوصی کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔دوسری جانب اسپتال ذرائع کے مطابق عمران خان کی حالت پہلے سے بہتر ہے،ان کے ابتدائی ٹانکے نکال کرکاسمیٹک ٹانکے لگادئیے گئے ہیں۔